ONLINE ORDER
Muhammad Nadeem Bhabha
Search Haal | حال
Ghazlen - غزلیں

یوم اقبال پر

پاک حرم کے صحن میں تھے کل شب میں اوراقبالؒ
دھاڑیں مار کے روتے رہے کل شب میں اور اقبالؒ
اُمتی اُمتی کہنے والے کے قدموں میں بیٹھ
اُمت اُمت چیخ اُٹھے کل شب میں اور اقبالؒ
تین سو تیرہ روحیں بدر میں پھرتی تھیں بے چین
اُن کے شکوے سنتے رہے کل شب میں اور اقبالؒ
اہلِ عرب کی غیرت سوئی مخملی بستر پر
غارِحرا میں جا بیٹھے کل شب میں اور اقبالؒ
ایک قیامت گزر رہی تھی دل کی دنیا پر
عشق کی آگ میں ساتھ جلے کل شب میں اور اقبالؒ
لوگ یہاں پر جشن منانے میں ہیں بہت مصروف
اور وہاں پر روتے رہے کل شب میں اور اقبالؒ
تُرکی ، ترک توکّل کر کے کھوئے یورپ میں
پاکستان میں لوٹ آئے کل شب میں اور اقبالؒ