ہے مرے واسطے دعا مرا عشق

ہے مرے واسطے دعا مرا عشق
مجھے زرخیز کر گیا مرا عشق
بس تجھے مانگنا نہیں آیا
میری جھولی تو بھر چکا مرا عشق
سب نے اپنی سلامتی مانگی
میں پکارا کہ اے خدا مرا عشق
میرے کمرے کی کائنات میں آ
نظر آئے گا جا بہ جا مرا عشق
وہم نے اختیار کی اک شکل
پھر مرے دل میں آ بسا مرا عشق
یہ زیارت بھی ہے تلاوت بھی
ایک چہرے پہ ہے لکھا مرا عشق
تم الف لام میم میں ڈھونڈو
انہی حرفوں میں ہے چھپا مرا عشق