اس کی آنکھوں کے دریچوں میں رہا کرتے تھے

اُس کی آنکھوں کے دریچوں میں رہا کرتے تھے
سچے خوابوں کی طرح ہم بھی ہُوا کرتے تھے
جِن ہواؤں نے اکھاڑے ہیں ہمارے خیمے
اِن ہواؤں میں تو ہم سانس لیا کرتے تھے
اب یہ تجھ پر ہے محبت میں ہمیں جیسے گزار
ورنہ ہم لوگ تو مرضی سے جیا کرتے تھے
اے محبت کو بڑا کام سمجھنے والو
یہ بڑا کام کبھی ہم بھی کیا کرتے تھے
زندگی تجھ سے امیدیں تھیں گئے وقتوں میں
ہاں گئے وقتوں میں جب زندہ ہُوا کرتے تھے